خوشحال نگر25؍جون (ایس او نیوز)کوڈاگو ضلع کے خوشحال نگر سینک اسکول کے واش روم میں 9 ویں جماعت کا ایک طالب علم بے ہوش پایا گیا جسے اسپتال پہنچانے پر اس کے فوت ہونے کی تصدیق کی گئی۔ والدین نے اسکول پر اس طالب علم کے قتل کاالزام لگایا ہے۔
مشکوک حالت میں فوت ہونے والے اس طالب علم کا نام این پی چنگپّا بتایا جاتا ہے۔ اس کے والد ناگنداٹی پویاڈ اسی اسکول میں ہاکی کوچ بتائے جاتے ہیں۔اسکول کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ دن میں کسی ضابطے کی خلاف ورزی پرٹیچر کی طرف سے چنگپّا کی فہمائش کی گئی تھی۔ مگر شام کو وہ اسکول کے واش روم میں بے ہوش پڑاہو ا ملا۔ اسے فوری طور پر سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اس کی موت ہونے کی تصدیق کردی۔طالب علم کے اہل خانہ اور مقامی افراد نے سرکاری اسپتال کے باہرطالب علم کی موت پر قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کیا۔اس کے بعد پولیس نے اسکول کے وائس پرنسپال اور دیگر ۴ ملازمین کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔